Official Web

کسی بھی اشتعال انگیزی کا پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا: آرمی چیف

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہماری دفاعی اور آپریشنل تیاریاں امن کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے ہیں۔ کسی بھی اشتعال انگیزی کا بھرپور، موثر اور پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے الخالد ٹینک آرمرڈ کور کے حوالے کرنے کی تقریب میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق الخالد ٹینک پاکستان، چین اور یوکرائن کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ آرمی چیف نے ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا کی خود انحصاری کی پالیسی کی تعریف کی جبکہ انڈسٹری میں دنیا کا بہترین دفاعی سامان بنانے کو بھی سراہا۔

الخالد ٹینک پاکستان کا مین بیٹل ٹینک ہے۔ آرمرڈ کور رجمنٹ نے دُشمن کے خلاف ہمیشہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ چونڈہ کا محاذ آج بھی دُشمن کو یاد ہے جہاں جنگِ عظیم دوئم کے بعد ٹینکوں کی سب سے بڑی لڑائی لڑی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہماری دفاعی اور آپریشنل تیاریاں امن کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے ہیں۔ کسی بھی اشتعال انگیزی کا بھرپور، موثر اور پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا۔