Official Web

ملک میں کورونا کیسز اور اموات کی تعداد میں بتدریج کمی کا سلسلہ جاری

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں بتدریج کمی دیکھی جارہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 936 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 23 مریض دم توڑ گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ تازہ اعدادو شمار کے مطابق24 گھنٹوں میں 936 کورونا کیسز سامنے آئے جبکہ فعال کیسز کی تعداد 26 ہزار 924 ہے۔

سرکاری اعدادو شمار کے مطابق ملک میں تاحال 2 لاکھ 75 ہزار 225 مصدقہ کورونا کیس سامنے آ چکے ہیں جب کہ کورونا کے 2 لاکھ 42 ہزار 436 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
سندھ میں ایک لاکھ 18 ہزار 824 کورونا کیس سامنے آچکے ہیں، پنجاب میں 92 ہزار 279، خیبرپختونخوا میں 33 ہزار 510، اسلام آباد میں 14 ہزار 938 ، گلگت بلتستان میں 2010 کورونا کیس، آزادکشمیر 2040 اور بلوچستان میں تاحال کورونا کے 11 ہزار 624 مصدقہ کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 23 مریض دم توڑ گئے اور تاحال مجموعی طور پر 5 ہزار 865 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا کے 2 ہزار 162 پنجاب میں 2 ہزار 125، خیبرپختونخوا میں ایک ہزار 180، اسلام آباد میں 165، بلوچستان میں 136، گلگت بلتستان میں 48 مریض اور آزادکشمیر میں تاحال کورونا وائرس سے 49 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 19 ہزار 610 ٹیسٹ کئے گئے اور تاحال 19 لاکھ 9 ہزار 846 کورونا ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔

ملک بھر کے 734 اسپتالوں میں کورونا کےایک ہزار 943 مریض زیرعلاج ہیں، ایک ہزار 859 وینٹی لیٹرز مختص ہیں اور 233 مریض وینٹی لیٹر پر زیرعلاج ہیں۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔