Official Web

خطے کی نئی صف بندی، پاکستان، چین، افغانستان اور نیپال کا تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان ،چین افغانستان اور نیپال کے وزرا خارجہ نے گزشتہ روز ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی جس میں کورونا وبا سے نمٹنے اور معیشتوں کی بحالی کیلیے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اس اجلاس کو خطے کے ممالک کے درمیان ہونے والی نئی صف بندی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے،چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے وڈیو کانفرنس کی میزبانی کی،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی مصروفیات کی وجہ سے ان کا ریکارڈ شدہ بیان ویڈیو کانفرنس میں سنایا گیا،وفاقی وزیر اقتصادی امور خسرو بختیار نے اس کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی،شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کورونا وبا کی صورتحال پر ویڈیو کانفرنس کے انعقاد پر چینی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا،انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں شریک چاروں ملکوں کو اس عالمی وبا سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنانے میں مدد ملے گی۔

یہ کانفرنس اس حوالے سے اہمیت کی حامل ہے کہ چین کچھ ہفتوں سے کورونا وبا کے خلاف خطے میں میں سرکردہ کردار ادا کر رہا ہے تاہم ان علاقائی اقدامات میں بھارت شامل نہیں ،جو خطے میں نئی صف بندی کو ظاہر کرتا ہے،ماہرین کا خیال ہے کہ چین کی اس نئی پیش رفت سے پاکستان کو بنگلہ دیش سمیت خطے کے دیگر ملکوں کے ساتھ تعلقات کو ازسرنو قائم کرنے کا موقع ملا ہے۔
پاکستان اس وقت نیپال کے ساتھ بھی تعلقات کو مزید بہتر کرنا چاہ رہا ہے کیوں کہ نیپال اب بھارت کے اثرورسوخ سے آزاد ہو چکا ہے،گزشتہ روز ہونے والی ویڈیو کانفرنس اس امر کی غماز ہے کہ چین اس میں شریک ملکوں کی کورونا سے متاثرہ معیشتوں کی بحالی میں مدد کرنا چاہتا ہے تاکہ اس کے بعد چین خطے کی نئی صف بندی کر سکے،جو ظاہر ہے بھارت اور اس کے مغربی اتحادی کیلئے باعث تشویش ہو گا۔

%d bloggers like this: