Official Web

ہم آخری چوائس نہیں، اگر مائنس ون ہوا تو مائنس تھری ہوگا: شیخ رشید

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہےکہ ہم آخری چوائس نہیں ہیں اور اگر مائنس کی بات آئی تو مائنس تھری ہوگا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے میں ڈیڑھ لاکھ لوگوں کی بھرتی اوپن میرٹ پر ہوئی، میری کوشش ہے کہ کوئی مزدور بیروزگار نہ ہو۔

انہوں نے ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نہ ہم آخری چوائس ہیں اور نہ مانس ون ہیں، اگر مائنس کی بات آئی تو مائنس تھری ہوگا، پی ٹی آئی سے گزارش ہے کہ اپنے گندے کپڑے میڈیا پر نہ دھوئیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 14 وزارتیں چلائی ہیں مجھے ایک انجکشن نہیں مل رہا تھا، ساری قوم کو اپوزیشن نے لوٹ کر مارڈالا ہے، یہ اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، اپوزیشن کی دونوں پارٹیاں رنگے ہاتھوں پکڑی گئی ہیں، ان کے کیسز سنجیدہ ہیں اس سے ان کی جان نہیں چھوٹ سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرول کی قیمت بے وقت کم کی گئی وہ قیمت کم کرنے کا وقت نہیں تھا جب کہ  چینی کا کیس بہت سیریس ہو رہا ہے اور میں آٹا چینی کی برآمد کے سخت خلاف تھا۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو سازشی ہیں، امید ہے اللہ عمران خان کو بہتری کے موقع دے گا۔