Official Web

پاکستان فٹبال فیڈریشن کی خاتون جنرل سیکرٹری منیزے زین لی

لاہور: منیزے زین لی کو ناصرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشائی ممالک میں کسی بھی فٹبال فیڈریشن کی پہلی خاتون عہدیدار ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی میں شائع رپورٹ کے مطابق منیزے زین لی کو باقاعدہ انٹرویو کے بعد اس اہم عہدے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انھیں امید ہے کہ وہ پاکستان میں فٹبال کی بہتری کیلئے ضرور کچھ کریں گی۔ وہ اس وقت یونیورسٹی آف لندن سے قانون کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔

بی بی سی کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ اگر ہمارے پاس اچھے کھلاڑی ہوں گے اور کھیل کی دنیا میں نام پیدا کیا جائے تو اس سے ملکی ترقی کے راستے بھی کھل سکتے ہیں۔

منیزے زین لی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فٹبال کے مرد اور خواتین کھلاڑیوں میں بہت ٹیلنٹ ہے جو کسی سے کم نہیں ہیں۔ تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کو تھوڑی تربیت فراہم کی جائے، حوصلہ دیا جائے تو کرکٹ کی طرح فٹبال میں بھی پاکستان کا نام روشن ہو سکتا ہے۔