Official Web

اقتصادی رابطہ کمیٹی؛ کے الیکٹرک صارفین کیلیے بجلی مہنگی

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دیدی گئی۔

سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی کے صارفین کیلئے بجلی ٹیرف ایک روپیہ 9 پیسے سے2 روپے 89 پیسے تک مہنگا ہوجائے گا۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت 37 لاکھ 25 ہزارسے زائد درخواست گزاروں کو12 ہزارروپے معاونت فراہم کرنے کیلئے 29 ارب 72 کروڑ روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

یہ امداد رواں مالی سال کے دوران احساس پروگرام کیلئے مختص 200 ارب روپے میں سے صوبائی، علاقائی اورضلعی کوٹہ سے قطع نظر فراہم کی جائیگی۔ تخفیف غربت ڈویژن نے31 لاکھ نئے مستحقین کو امداد فراہم کرنے کی سفارش کی تھی۔
ای سی سی نے سال کے آخر میں یوریا کے بفرسٹاک کو مقررہ سطح پربرقراررکھنے کیلئے ایس این جی پی ایل نیٹ ورک پرچلنے والے 2بند پلانٹس ایگری ٹیک اور فاطمہ فرٹیلائزرز کو جولائی سے لیکرستمبرتک تین ماہ کیلئے756 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کی شرح سے گیس فراہم کرنے کی منظوری بھی دی۔

ای سی سی اجلاس میں سردیوں میں سوئی ناردرن گیس کمپنی کی طرف سے گھریلو صارفین کو 74 ارب روپے مالیت کی درآمدی ایل این جی کی فراہمی پر غور کیاگیا۔سوئی ناردرن کی طرف سے بتایا گیا کہ 91 فیصد گھریلو صارفین121 روپے ماہانہ بل ادا کرتے ہیں، ای سی سی نے اوگرا کو معاملہ کو حل تلاش کرنے کی ہدایت کر دی، اس معاملے میں پالیسی سازی کی جائے گی تاکہ گیس کے شعبے میں گردشی قرض کو روکا جا سکے۔

اجلاس میں ای سی سی نے نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کے آئندہ مالی سال کے 4 ارب 59 کروڑ روپے کے بجٹ کی منظوری دیدی گئی۔ای سی سی اجلاس میں ری گیسیفائڈ ایل این جی (آر ایل این جی) کی فروخت کے حوالے سے پالیسی گائیڈلائنز کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

ای سی سی کو بتایا کہ جولائی 2018 سے اپریل 2020 کے دوران مقامی صارفین کو سوئی ناردن کے نیٹ ورک کے ذریعے گیس فراہمی کے باعث ٹیرف میں فرق کی وجہ سے 73 ارب 84 کروڑ روپے کے محصولات کی کمی کا سامنا رہا۔