Official Web

انگلینڈ کیخلاف سیریز میں محمد رضوان پہلی چوائس ہوں گے: بابر اعظم

لندن:  قومی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز میں محمد رضوان ہماری ٹیم کی پہلی چوائس ہوں گے، انفرادی کارکردگی سے زیادہ ٹیم کی جیت اہم ہے۔

ووسٹر شائر سے ویڈیو لنک پریس کانفرنس کے ذریعے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ دو دن سے پریکٹس کر رہے ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ تمام پلئیرز مکمل فٹ ہیں۔ گراونڈ اور ہوٹل تک محدود ہیں، کوشش کر رہے ہیں کرکٹ پر فوکس رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں پرفارم کر کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، برطانیہ میں ڈیوک کی بال سے کھیلنے کا مختلف تجربہ ہوتا ہے، گزشتہ دو تین سیریز میں متواتر کھلاڑیوں کو موقع دے کر آزمایا گیا۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈ کی ٹیم میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑی شامل ہیں، انفرادی کارکردگی سے زیادہ ٹیم کی جیت اہم ہے، بطور کپتان چاہتا ہوں ٹیم کو فتح ملے۔

حال ہی میں قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان نامزد ہونے والے بیٹسمین کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس عباس ، شاہین کی صورت میں بہترین باؤلنگ لائن اپ ہے، کوشش کریں گے حریف ٹیم کے اوپر کے بیٹسمینوں کو جلد آوٹ کر کے انڈر پریشر کرنے کی کوشش کریں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں باولر کو نہیں دیکھتا ، بال پر نظر رکھ کر کھیلتا ہوں۔ باؤلر چاہے کوئی بھی ہو اپنی بیٹنگ پر فوکس رکھتا ہوں۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کوچز مشتاق احمد اور یونس خان سے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔ ٹیسٹ سیریز میں محمد رضوان ہماری ٹیم کی پہلی چوائس ہوں گے، صحت یاب ہونے کے بعد محمد رضوان جلد ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔