Official Web

محمد حفیظ سمیت 6 قومی کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ دوسری بار منفی آ گئے

لاہور:  کرکٹر محمد حفیظ سمیت 6 قومی کھلاڑیوں کے دوسری بار پھر کورونا ٹیسٹ منفی آ گئے جس کے بعد اب وہ انگلینڈ روانگی کے لیے تیار ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ دوسری بار منفی ٹیسٹ آنے والوں میں  فخر زمان، محمد حسنین، محمد رضوان شامل ہیں۔ شاداب خان اور وہاب ریاض کے ٹیسٹ بھی نیگٹو آ گئے ہیں۔ محمد حفیظ سمیت 6 کرکٹرز کے پی سی بی کی جانب سے کروائے گئے پہلے ٹیسٹ پازیٹو آئے تھے، محمد حفیظ نے احتیاط کو ملحوظ رکھتے ہوئے نجی لیب سے اپنا ٹیسٹ دوبارہ کروایا جو منفی نکلا جس پر ان کا سٹیٹس مشکوک ہو گیا تھا۔ کرکٹ بورڈ نے 26 جون کو دوبارہ ٹیسٹ کروایا جس پر ان کھلاڑیوں کی ٹیسٹ رپورٹس منفی آئی تھیں اس کے باوجود مذکورہ 6 کھلاڑیوں کو برطانیہ جانے سے روک دیا گیا تھا۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ ان 6 کھلاڑیوں کا پہلا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا  دوسرے ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے کے باوجود یہ 6 کھلاڑی انگلینڈ نہیں جائیں گے۔ اب پی سی بی نے ان کا تیسرا ٹیسٹ کروایا جو منفی آیا ہے، اب یہ کھلاڑی برطانیہ جا سکیں گے۔