Official Web

اسحاق ڈار کی ہجویری فاؤنڈیشن اور ٹرسٹ کے اکاؤنٹس جزوی طور پر بحال

اکاؤنٹ کی رقم فلاہی منصوبوں پر خرچ کی جاسکتی ہے: جج محمد بشیر

 اسلام آباد:  احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کی ہجویری فاؤنڈیشن اور ٹرسٹ کے اکاؤنٹس جزوی طور پر بحال کر دیئے۔ عدالت کا کہنا تھا اکاؤنٹ کی رقم فلاہی منصوبوں پر خرچ کی جاسکتی ہے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کی درخواستوں پر سماعت کی۔ اسحاق ڈار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہجویری ٹرسٹ یتیموں کا ادارہ ہے جہاں 93 بچے زیرکفالت ہیں، کیس بننے سے اکاؤنٹس غیر فعال ہوگئے، ہجویری فاؤنڈیشن ایک سے زیادہ منصوبے چلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا مختلف اسپتالوں کو ڈیلائسز کیلئے 5 سے 6 کروڑ روپے دیئے جاتے ہیں، ہجویری فاؤنڈیشن ہی ٹرسٹ کو فنڈز دیتا ہے، دونوں اکاؤنٹس بحال کئے جائیں، تین سال کے اخراجات کی دستاویزات جمع کرا دی ہیں۔

پراسیکیوٹر نیب عمران شفیق نے کہا کہ یہ درست ہے ہجویری ٹرسٹ میں یتیم بچے زیر کفالت ہیں مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ فلاحی ادارے کا غلط استعمال کیا گیا، نہیں چاہتے کہ یتیم بچوں کی کفالت رکے۔ فاضل جج نے دلائل سننے کے بعد فاؤنڈیشن اور ٹرسٹ کے اکاؤنٹس جزوی بحال کر دیئے۔