افغان شہر جلال آباد میں غیرملکی این جی او کے دفتر پر حملہ، 11 افراد زخمی

کابل: افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں ایک غیر ملکی این جی او ”سیو دی چلڈرن” کے دفتر پر دہشت گردوں کے حملے میں 11 افراد زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے صوبہ ننگرہار کے ترجمان آیت اللہ خوگانی کے حوالے سے بتایا کہ ‘آج صبح 9 بجکر 10 منٹ پر  مسلح افراد نے جلال آباد میں  بچوں کی غیر ملکی این جی او  کے دفتر پر حملہ کیا’۔

بشکریہ اے ایف پی—۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک 11 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔

ایک عینی شاہد محمد امین نے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ این جی او کی عمارت میں موجود تھا کہ مسلح افراد وہاں داخل ہوئے اور پھر اس نے ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی۔

محمد امین نے مزید بتایا کہ،  ‘ہم چھپنے کے لیے بھاگے جب میں نے ایک مسلح شخص کو آر پی جی (راکٹ پروپیلڈ گرنیڈ) کی مدد سے دروازہ توڑتے ہوئے دیکھا، جس کے بعد میں نے کھڑکی سے نیچے چھلانگ لگا دی’۔

 

ترجمان افغان صوبائی گورنر کے مطابق افغان فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔

ابھی تک کسی گروپ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔

یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب رواں ہفتے 21 جنوری کو دارالحکومت کابل میں واقع انٹرکانٹینینٹل ہوٹل پر طالبان کے حملے کے نتیجے میں 11 غیر ملکیوں سمیت 22 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔