Official Web

پاکستان کے چیف جسٹس کی سکرٹ کے متنازع بیان پر خواتین سے معافی

پاکستان کے چیف جسٹس نے خواتین کی سکرٹ کے بارے میں بیان پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے ان الفاظ سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ اس پر معافی مانگتے ہیں۔

چیف جسٹس نے یہ ریمارکس عدالت میں زیر سماعت ایک مقدمے کی سماعت کے دوران دیے۔

اُنھوں نے کہا کہ ملک کی آبادی کا 50 فیصد سے زیادہ حصہ خواتین پر مشتمل ہے اور وہ تو ان کے بارے میں توہین آمیز الفاظ کہنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔

امہ نگار شہزاد ملک کے مطابق چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ خواتین کا بھی ملکی ترقی میں اتنا ہی کردار ہے جتنا مردوں کا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ عدلیہ اور وکالت کے شعبوں میں خواتین کا کردار مثالی ہے جس کو کوئی نہیں جھٹلا سکتا۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس نے چند روز قبل کراچی میں ایک تقریر کے دوران کہا تھا کہ ‘تقریر کی طوالت عورت کی سکرٹ کی طرح ہونی چاہیے جو نہ اتنی لمبی ہو کہ لوگ اس میں دلچسپی کھو دیں اور نہ ہی اتنی مختصر کہ موضوع کا احاطہ نہ کر سکے۔‘

تقریر کے دوران چیف جسٹس کے ان ریمارکس کو سوشل میڈیا پر کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور اُنھیں یہ الفاظ واپس لینے کے بارے میں بھی کہا گیا تھا۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے تقریر کے دوران یہ الفاظ چرچل کے اقتباسات سے لیے تھے۔

س سے پہلے چیف جسٹس نے یوم پاکستان کے موقع پر ایک تقریر کے دوران کہا تھا کہ سرسید احمد خان غالباً پہلے مفکر تھے جنہوں نے دو قومی نظریے کی بات کی تھی کہ بر صغیر میں دو قومیں آباد ہیں جن میں ایک مسلمان ہیں جبکہ دوسرے کا وہ نام بھی نہیں لینا چاہتے۔

ان الفاظ پر بھی چیف جسٹس کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور انڈیا میں بھی اس معاملے کو کافی اُچھالا گیا تھا۔

چیف جسٹس نے وکلا کے ایک کنونشن میں تقریر کے دوران چیف جسٹس کے عہدے کو ’رحمت بابا‘ کہتے ہوئے کہا تھا کہ یہ بابا نہ پہلے کسی کے سامنے جھکا ہے اور نہ آئندہ کسی کے سامنے جھکے گا‘۔

اس پر حکمراں جماعت نے اور سوشل میڈیا پر چیف جسٹس کے اس بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فوجی آمروں کے عبوری آئینی حکم نامے پر حلف کس نے اُٹھایا تھا اور ان فوجی آمروں کو آئین میں ترمیم کرنے کا اختیار کس نے دیا تھا۔