Official Web

وفاقی حکومت کا میئر اسلام آباد کی معطلی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے میئر اسلام آباد شیخ انصر کی معطلی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

17 مئی کو میئر اسلام آباد کو وفاقی کابینہ کی منظوری سے  کیپٹل ٹیرٹری لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت 90 روز کیلئے معطل کیا گیا تھا جسے شیخ انصر نے عدالت میں چیلنج کیا تھا اور عدالت نے وفاقی حکومت کا حکم معطل کردیا تھا۔

اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے میئر اسلام آباد کی معطلی کے خلاف درخواست پر سماعت کی جس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے میئر اسلام آباد کی معطلی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

شیخ انصر کے وکیل نے کہا کہ عدالت نے میئر کی معطلی کا نوٹیفکیشن معطل کیا، دوبارہ یہ معاملہ اجلاس کے ایجنڈے میں رکھا گیا۔

 ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت اجازت دے میئر اسلام آباد کی معطلی کا بھی نوٹیفکیشن واپس لے رہے ہیں جس کے بعد  قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

 ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مزید بتایا کہ اس  سے قبل کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین کی معطلی کا نوٹیفکیشن بھی واپس لیا تھا۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر کے بیان پر معطلی کے خلاف درخواست نمٹا دی۔