دورہ انگلینڈ: ٹریننگ کیمپ کیلئے پی سی بی مصباح الحق کے درمیان مشاورت مکمل

لاہور:  دورہ انگلینڈ کے سلسلے میں ٹریننگ کیمپ کیلئے پی سی بی اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کے درمیان مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔ کیمپ میں سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ اور ایمرجنگ کیٹیگری کے تین کھلاڑی شامل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق تینوں فارمیٹ کے حالیہ سکواڈز کا حصہ رہنے والے کرکٹرز کو بھی کیمپ میں بلایا جائے گا۔ اکیڈمی میں کتنے کھلاڑیوں کو حفاظتی انتظامات میں رکھنا مناسب ہوگا؟ اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ملتوی ہونے کی وجہ سے شعیب ملک اور محمد حفیظ کی شرکت مشکوک جبکہ محمد عامر اور وہاب ریاض کو ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل کیا جانے کا امکان ہے۔ ٹریننگ سے قبل تمام کرکٹرز، سپورٹ سٹاف اور متعلقہ لوگوں کے کورونا ٹیسٹ ہوں گے۔

ادھر انگلش کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان کیخلاف اس سال ہونیوالی سیریز کا مجوزہ پلان تیار کر لیا ہے۔ پلان کے مطابق پاکستانی ٹیم 5 اگست سے یکم ستمبر کے درمیان مانچسٹر اور ساؤتھمپٹن میں 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں پر ابتدائی مشاورت جاری ہے۔

سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ کے درمیان بھی مشاورت کے بعد امکان ہے کہ 30 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا آئندہ چند روز میں کر دیا جائے گا۔