Official Web

لاک ڈاؤن سے متعلق حکومتی اعلان تک افواہوں پر کان نہ دھریں: مرتضیٰ وہاب

کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضی وہاب نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ لاک ڈاؤن سے متعلق حکومت کے اعلان تک افواہوں پر کان نہ دھریں۔

لاک ڈاؤن سے متعلق اپنے ویڈیو بیان میں ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے  کہا کہ سوشل میڈیا پر افواہوں کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد نے مارکیٹوں کا رُخ کیا، مارکیٹوں میں رش، احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ عوام خوف کا شکار ہوں نہ ہی خوف پھیلانےکا باعث بنیں لہذا عوام حکومت کے اعلان تک افواہوں پر کان نہ دھریں۔

 ترجمان سندھ حکومت نے مزید بتایا کہ لاک ڈاؤن کے حوالے سے جو بھی فیصلہ ہو گا وفاقی حکومت کی مشاورت سے ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اموات کی شرح میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اس لیے احتیاط کرنی ہے تو کورونا سے کریں تاہم ہمیں کورونا کاشکار افراد سے سبق حاصل کرنا ہے۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے ہدایت کی کہ اگر عوام کو انتہائی ضروری کام سے نکلنا ہے تو ماسک پہنیں اور فاصلہ ضرور برقرار کھیں۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ  عوام بنیادی اشیاء کی فراہمی سے متعلق ہرگزپریشان نہ ہوں،ضروری اشیاء کی دستیابی کا یقین دلاتے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں مشروط لاک ڈاؤن کا آج آخری دن ہے اور اب کل وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے مزید فیصلے کیے جائیں گے۔