Official Web

کورونا بے قابو، ملک میں ریکارڈ 78 زندگیاں نگل گیا، 66 ہزار 457 متاثر

لاہور:  پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 66 ہزار 457 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 78 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک ہزار 395 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2429 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 24 ہزار 104، سندھ میں 26 ہزار 113، خیبر پختونخوا میں 9 ہزار 67، بلوچستان میں 4 ہزار 87، گلگت بلتستان میں 660، اسلام آباد میں 2 ہزار 192 جبکہ آزاد کشمیر میں 234 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 5 لاکھ 32 ہزار 37 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 ہزار 20 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 24 ہزار 131 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 78 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 395 ہوگئی۔ سندھ میں 424، پنجاب میں 439، خیبر پختونخوا میں 445، گلگت بلتستان میں 9، بلوچستان میں 46 اور اسلام آباد میں 23 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اب تک 462 ہسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز مریضوں کا علاج جاری ہے، ان ہسپتالوں میں 7295 بیڈز کا بندوبست کیا گیا ہے