Official Web

فیس بک نے بھی ملازمین کو گھروں سے مستقل کام کرنے کی اجازت دیدی

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے متعدد کمپنیوں کی جانب سے اپنے اپنے ملازمین کی حفاظت کے لیے انہیں گھروں سے کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

متعدد معروف کمپنیاں جس میں گوگل، فیس بک اور ٹوئٹر وغیرہ شامل ہیں، ان کے ملازمین عالمی وبا کے پیش نظر گھروں میں ہی رہ کر کام کر رہے ہیں۔

گزشتہ دنوں فیس بک اور گوگل نے اپنے ملازمین کے لیے گھر سے کام کرنے کی پالیسی میں 7 ماہ کے مزید اضافے کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب حال ہی میں مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کے سربراہ نے بھی ملازمین کو ہمیشہ گھر سے کام کرنے کا آپشن دیا تھا۔

اب سماجی رابطوں کے مقبول ترین پلیٹ فارم فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کی جانب سے بھی اعلان کیا گیا ہے کہ اگر ملازمین چاہیں تو وہ گھروں سے مستقل کام کر سکتے ہیں۔

مارک زکر برگ کا کہنا تھا کہ اگلے 5 سے 10 سالوں کے دوران فیس بک کے 50 فیصد ملازمین گھروں میں رہ کر ہی کام کریں گے۔