Official Web

شفاف انکوائری ہوگی، ہماری کوتاہی ہوگی تو استعفیٰ دیں گے: غلام سرور خان

کراچی: وفاقی وزیر غلام سرور نے کہا ہے کہ100 فیصد آزادانہ اور شفاف انکوائری ہوگی، پوری کوشش ہوگی نتائج جلد سے جلد سامنے رکھے جائیں، ہماری کوتاہی ہوگی تو استعفیٰ دیں گے۔

وزیر ہوا بازی غلام سرور نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پائلٹ نے طیارے کو رن وے پر اترانے کی پوری کوشش کی، طیارہ حادثے میں 2 افراد بچے، کریو اور پائلٹ بھی شہید ہوگئے، پائلٹ نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی کہ جانی نقصان کم سے کم ہو، متاثرہ گھروں کی مرمت کے اخراجات حکومت برداشت کریگی، گاڑیوں کے نقصان کا بھی ازالہ کیا جائے گا، جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء کو 10 لاکھ جبکہ زخمیوں کو فی کس 5 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پی آئی اے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کو وفاقی حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا واقعے کی صاف اور شفاف تحقیقات ہونگی، سوشل میڈیا صارفین بغیر تحقیق من گھڑت خبریں نہ پھیلائیں، آرمی نے اپنی امدادی ٹیمیں لگائیں اور مشینری بھی بھیجی، عوام نے اپنی مدد آپ جو آپریشن میں حصہ لیا وہ قابل تحسین ہے۔

عمران اسماعیل نے کہا تمام متاثرین کو ایئر پورٹ ہوٹل شفٹ کیا ہے، اسپیشل ٹیم لاہور سے کراچی آچکی ہے اور ڈی این اے پر کام کر رہی ہے، لاشوں کو ورثا کے حوالے کرنے کے لیے ڈی این اے آپریشن تیز کر رہے ہیں۔