Official Web

لاک ڈاؤن میں نرمی ہوتے ہی بھارت میں ریکارڈ کیسز رپورٹ، روس میں بھی ریکارڈ ہلاکتیں

اک ڈاؤن میں نرمی ہوتے ہی بھارت میں ایک روز میں کورونا کے ریکارڈ کیسز رپورٹ ہو گئے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کر رکھی ہے تاہم انھوں نے کم کورونا کیسز والے علاقوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لاک ڈاؤن میں نرمی ہوتے ہی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے جو اب تک ایک دن میں ریکارڈ ہونے والی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

بھارت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 18 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ ساڑھے 3 ہزار سے زائد افراد اب تک جان کی بازی ہار بھی چکے ہیں۔

روس میں بھی ایک روز میں ریکارڈ 150 ہلاکتیں ریکارڈ ہوئیں جس کے بعد ماسکو میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 3 ہزار 249 ہو گئی ہے جب کہ 8 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد روس 3 لاکھ 26 ہزار سے زائد مریضوں کے ساتھ دنیا میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

اب تک سب سے زیادہ کیسزا ور ہلاکتیں امریکا میں رپورٹ ہو چکی ہیں جہاں مریضوں کی تعداد 16 لاکھ 21 ہزار سے زائد جب کہ اموات کی تعداد 96 ہزار 359 تک پہنچ گئی ہے۔

دنیا بھر میں اب تک عالمگیر وبا سے 52 لاکھ 7 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جس میں سے 3 لاکھ 34 ہزار 848 افراد ہلاک اور 20 لاکھ 92 ہزار صحت یاب ہو چکے ہیں۔