Official Web

مارکیٹوں میں جم غفیر ہے، اس صورتحال میں نتائج کے ذمہ دار عوام ہوں گے: ظفر مرزا

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ظفر مرزا کا کہنا ہےکہ مارکیٹوں میں عوام کا ہجوم ہے اور صورتحال میں نتائج جو بھی ہوں اس کے ذمہ دار عوام خود ہوں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ظفر مرزا نے کہا کہ 24 گھنٹوں میں نئے کیسز اور اموات کی تعداد تشویش ناک ہے، کورونا روکنے کا بنیادی طریقہ سماجی میل جول میں کمی اور فاصلہ رکھنا ہے، 50 سال سے زائدعمر کے لوگ اجتماعات میں جانے سےگریزکریں جب کہ دکانوں اور ریل سمیت ٹرانسپورٹ کے لیے ایس اوپیزبنائیں۔

انہوں نےکہا کہ مارکیٹوں اور دکانوں میں لوگوں کاجم غفیر دیکھا جارہا ہے،  اس کے نتائج جوبھی ہوں گے اس کے ذمہ دار آپ خود ہوں گے کیونکہ ہم کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نماز عید کے موقع پر ایس او پیز کا خیال رکھیں اور  بہتر ہے نماز گھر پر ہی پڑیں، ہجوم والی جگہوں پر ماسک پہننا ضروری ہے اور سماجی فاصلےکاخیال نہیں رکھیں گے تو صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک کیسز کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ ہلاکتیں ایک ہزار سے زائد ہیں۔