Official Web

کوئی چاہے کتنا ہی طاقتور ہو، جرم کی معافی نہیں ملے گی: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ کوئی چاہے کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، جرم کی معافی نہیں ملے گی۔ قانون اپنا راستا اختیار کرے گا۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے شوگر کمیشن کے سربراہ واجد ضیا کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے تحقیقات کے دوران بہترین کام کیا۔ وزیراعظم اور کابینہ اراکین نے کہا کہ پوری تحقیقاتی رپورٹ میں کوئی ابہام نہیں ہے۔

وزیراعظم نے ایک بار پھر اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ مافیا کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ ان مافیاز کے خلاف لمبی جدوجہد کی ہے، اس سے کسی صورت موقف سے یچھے نہیں ہٹوں گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت میں آکر پتا چلا کہ ملک مافیاز کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، جس طرف دیکھو مافیا سرگرم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی چاہے کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، اسے جرم کی معافی نہیں ملے گی۔ ملک کو بری طریقے سے لوٹا گیا ہے، مگر اب قانون اپنا راستا اختیار کرے گا۔

عمران خان نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پوری کابینہ کرپشن کے خلاف جنگ میں میرے ساتھ ہے، میں وہی کام کر رہا ہوں جو عوام کیلئے بہتر ہے۔