Official Web

دنیا بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی، 3 لاکھ 29 ہزار ہلاک

نیویارک: دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی، مرنے والوں کی تعداد 3 لاکھ 29 ہزار 782 ہو گئی، امریکا کی تمام ریاستوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی گئی، صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ملیریا کی دوا جلد بند کر دیں گے۔

پوری دنیا کورونا کی لپیٹ میں، امریکا میں ایک روز میں مہلک وبا سے مزید ایک ہزار 461 افراد دم توڑ گئے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے وہ ملیریا کی دوا ہائیڈروکسی کلوروکوئن کا استعمال ایک دو دن میں بند کردیں گے۔ انہوں نے مزید کہا پابندیوں کو ختم کر کے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، امریکا کی تمام ریاستوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی گئی۔

عالمی ادارہ صحت نے ایک دن میں ایک لاکھ 6 ہزار نئے کیس سامنے آنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ ڈبلیو ایچ اونے کہا ہے وبائی مرض کے ساتھ طویل سفر طے کرنا ہے۔

برازیل وائرس سے بری طرح متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آ گیا، مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 94 ہزار تک پہنچ گئی۔ برطانیہ میں 363، میکسیکو میں 334، اٹلی میں 161 اور روس میں 135 ہلاکتیں ہوئیں، بھارت میں مزید 132 اور ایران میں 64 اموات ہوئیں۔