Official Web

کورونا وائرس: چین کا اپنے طبی ماہرین پاکستان بھیجنے کا اعلان

بیجنگ: چین نے پاکستان کی درخواست پر اپنے طبی ماہرین کی ٹیم کورونا وائرس کے خلاف مدد کے لیے پاکستان بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔کوروناوائرس کے خلاف دنیا کے ساتھ چینی تعاون کے حوالےسے پریس کانفرنس کرتے ہوئےچین کےنیشنل ہیلتھ کمیشن کے نائب صدرنے کہا کہ پاکستان نے طبی ماہرین بھیجنے کی درخواست کی تھی جس پر چین اپنے ماہرین کی ٹیم پاکستان بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا کے پھیلنے کےبعد سے ہی چین مسلسل پاکستان سے اپنے تجربات پر مشتمل معلومات کا تبادلہ کررہا ہے اور کنٹرول پلان ، تشخیص اور علاج کے منصوبے بھی شیئر کر رہا ہے۔پریس کانفرنس میں چین کی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے وائس چیئرمین ڈین بوکنگ نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ اور اسے روکنے کے حوالے سےچین پاکستان کے ساتھ مزید اپنے تجربات شیئر کرے گا۔یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے بعد اب تک ملک بھر میں اس مہلک وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 11 سے بڑھ چکی ہے جن میں بڑی تعداد ایران سے آنے والے زائرین یا بیرون ملک سے آنے والے پاکستانی ہیں۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد سے چین پاکستان کو میڈیکل سپلائیز جن میں این 95 ماسک، میڈیکل دستانے، سرجیل ماسک، سانس کی مشینیں اور ٹیسٹ کٹس کی چار بیچ روانہ کر چکا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ چین پاکستان کو قرنطینہ کے لیے عارضی اسپتال کے قیام میں بھی مدد فراہم کرے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز چین کی علی بابا فاؤنڈیشن اور جیک ما فاؤنڈین کی جانب سے میڈیکل آلات بشمول این 95ماسک کی پہلی کھیپ کراچی پہنچی تھی۔دونوں فاؤنڈیشن کی جانب میڈیکل سپلائیز کی مزید دو کھیپ ایک ہفتے میں پاکستان پہنچیں گی ۔