Official Web

سٹاک مارکیٹ: 2102پوائنٹس کی بدترین مندی، 300 ارب روپے ڈوب گئے

کراچی:  پاکستان سٹاک مارکیٹ 2102 پوائنٹس کمی کے بعد ساڑھے پانچ سال کی کم ترین سطح 28 ہزار 564 پوائنٹس پر بند ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان سٹاک مارکیٹ شدید مندی کی لپیٹ میں رہی، مارکیٹ کا آغاز ساڑھے گیارہ بجے ہوا۔ اور مارکیٹ کھلتے کے ساتھ ہی 5 فیصد گر گئی۔

مارکیٹ 5 فیصد گرنے کے بعد 2 گھنٹوں کے لئے ٹریڈنگ روک دی گئی، دو گھنٹے کے بعد ٹریڈنگ بحال ہوئی مگر انڈیکس میں گراوٹ کا سلسلہ تھم نہ سکا۔

کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ 2102 پوائنٹس کمی کے بعد 100 انڈیکس 28 ہزار 564 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ حصص کی مالیت گھٹ جانے کے سبب سرمایہ کاروں کے 300 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔

معاشی ماہرین کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں کرونا وائرس پھیلا ہوا ہے اور پاکستان میں بھی اس مرض میں مبتلا افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جیسے ہی حالات میں بہتری آئے گی، مارکیٹ میں ایک بار بھی سرمایہ کار حصص کی خریداری شروع کر دیں گے۔