Official Web

عالمی دواساز کمپنیاں کورونا وائرس ویکسین کی 18 ماہ میں دستیابی کیلیے پُرامید

جنیوا: عالمی دوا ساز کمپنیوں کے مالکان اور ماہرین 12 سے 18 ماہ کے دوران کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری اور مارکیٹ میں دستیابی کے لیے پُر امید ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انٹرنیشنل فیڈریشن آف فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز اینڈ ایسوسی ایشن (IFPMA) اور دواساز کمپنیوں کے سربراہان نے جنیوا میں ورچوئل پریس کانفرنس میں بتایا کہ کورونا ویکسین کے ابتدائی تجربات کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں، تاہم انسانوں پر آزمائش میں وقت درکار ہوگا۔

آئی ایف پی ایم اے کے صدر ڈیوڈ رکس نے وائرس پر قابو پانے کی یقین دہانی کے ساتھ 12 سے 18 ماہ کے دوران ویکسین کی تیاری اور مارکیٹ میں دستیابی کا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلد دستیابی کے لیے ہم ویکسین کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔
یہ خبر پڑھیں : کیا کورونا وائرس کا علاج 70 سال پرانی دوا سے ممکن ہے!

معروف دوا ساز کمپنی سونوفی پاسچر کے نائب صدر ڈیوڈ لوئیو نے کہا کہ ایک مرتبہ ویکسین تیار ہوگی تو دنیا بھر میں اربوں لوگوں کو ویکسین دینا ہوگی جو بہت بڑا چیلنج ہوگی لیکن ہم مشترکہ کاوشوں کے ذریعے یہ سنگ میل پورا کرنے کے لیے پُر امید ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں : کورونا کے متاثرین آئبوپروفن کی جگہ پیراسیٹامول استعمال کریں، ڈبلیو ایچ او

چین کے صوبے ووہان سے دنیا کے 160 ممالک میں پھیلنے والے کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 44 ہزار 553 ہوگئی ہیں جب کہ تاحال 10 ہزار 31 مریض ہلاک ہوئے ہیں تاہم اس مرض سے 86 ہزار 32 مریض صحت یاب بھی ہوئے۔