Official Web

پی ایس ایل 5: ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 52 رنز سے شکست دے دی

ملتان: پاکستان سپر لیگ کے دسویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 52 رنز سے شکست دے دی۔

ملتان نے پہلے کھیلتے ہوئے کراچی کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف دیا تاہم کراچی کی پوری ٹیم 134 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ معین علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ملتان سلطانز کی اننگز

معین علی اور شان مسعود کے درمیان 71 رنز کی تگڑی شراکت ہوئی اور معین علی 42 گیندوں پر 65 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے— فوٹو: پی ایس ایل
ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز معین علی اور ذیشان اشرف نے کیا لیکن 31 کے مجموعی اسکور پر ذیشان 23 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔

ذیشان اشرف کے بعد معین علی اور شان مسعود کے درمیان 71 رنز کی تگڑی شراکت ہوئی اور معین علی 42 گیندوں پر 65 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے بھی 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 61 رنز بنائے۔

سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز اسکور بورڈ پر سجا کر کراچی کنگز کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف دیا۔

کراچی کی جانب سے محمد عامر اور کرس جارڈن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ عمید آصف اور افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کراچی کی اننگز

ایلکس ہیلز نے چند جارحانہ اسٹروکس کھیلے لیکن ملتان کے کپتان نے بولنگ میں تبدیلی کی اور شاہد آفریدی کو لے کر آئے جنہوں نے ایلکس ہیلز کو پویلین کی راہ دکھائی— فوٹو: پی ایس ایل
کراچی کی جانب سے شرجیل خان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا۔ شرجیل خان جارحانہ موڈ میں نظر آرہے تھے تاہم 16 رنز بناکر وہ معین علی کا شکار بن گئے۔

45 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم بھی 13 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر ایلکس ہیلز نے چند جارحانہ اسٹروکس کھیلے لیکن ملتان کے کپتان نے بولنگ میں تبدیلی کی اور شاہد آفریدی کو لے کر آئے جنہوں نے ایلکس ہیلز کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ایلکس ہیلز نے 29 رنز بنائے۔ اس کے بعد عمران طاہر نے کیمرون ڈیلپورٹ کو 8 رنز پر، آفریدی نے عماد وسیم کو 5 رنز پر اور پھر عمران طاہر نے چیڈوک والٹن کو 15 اور کرس جارڈن کو 7 رنز پر آؤٹ کردیا۔

ملتان کی جانب سے عمران طاہر نے 3، آفریدی اور سہیل تنویر نے 2، 2 جبکہ محمد عرفان، معین علی اور محمد الیاس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی— فوٹو: پی ایس ایل
ان دونوں ورلڈ کلاس لیگ اسپنرز کے پے درپے وار نے کراچی کو میچ سے دور کردیا۔

کراچی کی 8 ویں وکٹ 120 کے مجموعی اسکور پر گری جب افتخار احمد 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

عمید آصف 20 اور سہیل تنویر 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ملتان کی جانب سے عمران طاہر نے 3، آفریدی اور سہیل تنویر نے 2، 2 جبکہ محمد عرفان، معین علی اور محمد الیاس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں ٹاس جیت کر کراچی کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ ان کی کوشش ہو گی کہ ملتان سلطانز کو کم اسکور پر آؤٹ کریں جب کہ ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود کا بھی کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو بولنگ ہی کرتے۔

%d bloggers like this: