Official Web

ملک کو معاشی غلامی کی جانب دھکیلا جا رہا ہے: احسن اقبال

راولپنڈی:  احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے معاشی دہشتگردی کی، حکومت کو اس جرم پر کٹہرے میں کھڑا کریں گے، ملک کو معاشی غلامی کی جانب دھکیلا جا رہا ہے۔

 

دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ناروال سپورٹس سٹی سکینڈل کیس میں نیب کو ایک ماہ میں ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا۔ ضمانت پر رہائی کے بعد لیگی رہنما احسن اقبال احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش ہوئے، نیب پراسیکیوٹر نے کیس میں پیشرفت رپورٹ اور ایف آئی اے کی جانب سے حاصل کردہ ریکارڈ جمع کرایا۔

 

جج نے کیس میں ملزم کی حاضری لگانے کی ہدایت کی تو وکیل صفائی نے اعتراض عائد کرتے ہوئے موقف اپنایا جب تک ریفرنس نہ آ جائے تب تک احسن اقبال کی حاضری نہیں لگ سکتی۔ دوران سماعت احسن اقبال نے الزام عائد کیا کہ نارروال سپورٹس سٹی منصوبے پر وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کام روکا گیا، ریفرنس ان کے خلاف دائر کیا جائے جنہوں نے منصوبے کو اجاڑا۔

 

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انہیں اچھے کام کرنے کی سزا دی جا رہی ہے، ہماری حاضریاں لگوائی جا رہی ہے اور مافیا آزاد پھر رہا ہے۔ جس پر جج نے احسن اقبال کو ہدایت کی کہ وہ جو کچھ کہنا چاہتے ہیں اپنا موقف تحریری طور پر وکیل کے ذریعے عدالت میں پیش کریں۔ مقدمے کی مزید سماعت 26 مارچ کو ہوگی۔

%d bloggers like this: