Official Web

امریکہ بھارت ڈیل سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑے گا: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد:  ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا طالبان معاہدے میں وزیرخارجہ شاہ محمود پاکستان کی نمائندگی کریں گے، کرونا کے معاملے پر ایران کی حکومت سے رابطے ہیں، وائرس سے نمٹنے کیلئے چین کے اقدامات بہت بہتر ہیں۔ امریکا بھارت ڈیل سے خطے میں طاقت کا توازن خراب ہو گا، بھارت کو پاکستانی افواج کی تیاری پرشک نہیں ہوناچاہئے، جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار میڈیا بریفننگ کے دوران کہا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے وفاقی اورصوبائی حکومتیں متحرک ہیں، اس معاملے پر ایران کی حکومت سے رابطے ہیں، تہران میں پاکستانی سفارتخانہ متحرک اور ہاٹ لائن نمبرمختص کر دئیے گئے ہیں۔ وزارت صحت کرونا وائرس کے معاملے پر بہت متحرک ہے، چین نے بھی مسئلے سے نمٹنے کیلئے بہتر اقدامات کئے۔

عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ امریکا طالبان معاہدے میں وزیرخارجہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے، پاکستان بھارت کی ریاستی دہشت گردی سے متاثر رہا ہے، کلبھوشن یادیو ریاستی دہشت گردی کی مثال ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہیں، کشمیر کی صورتحال پر عالمی برادری آگاہ ہو چکی ہے۔ پاکستان کو امریکا بھارت دفاعی ڈیل پر تشویش ہے جس سے خطے میں طاقت کا توازن خراب ہو گا۔ بھارت سمیت کسی کوپاکستانی افواج اورعوام کی تیاری پرشک نہیں ہونا چاہئے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔