ایرانی سرحد بند ہونے سے ایل پی جی کی قیمت میں 50 روپے فی کلو تک اضافہ

کراچی: ایرانی سرحد بند ہونے سے ملک بھرمیں ایل پی جی کی قیمت میں 50 روپے فی کلوتک اضافہ ہوگیا ہے۔

کورونا وائرس کے باعث ایرانی سرحد بند ہونے سے ملک بھرمیں ایل پی جی کی قیمت میں 50 روپے فی کلوتک اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد ایل پی جی کی قیمت 200 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی جب کہ گھریلو سلنڈرکی قیمت میں 500، کمرشل سلنڈر 2 ہزارروپے تک مہنگا ہوگیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پاک ایران سرحد کے بعد ٹرین سروس بھی بند
ایران سے یومیہ 1 ہزارمیٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کی جا رہی تھی، سرحد کی بندش سے درجنوں ایل پی جی کنٹینرزپاک ایران سرحد پرپھنس گئے، سرحد بندش سے پاکستان میں ایل پی جی بحران شدت اختیارکرنے کا خدشہ ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان میں ایل پی جی سیکٹرکیلئے کوئی طویل المدتی پالیسی موجود نہیں ہے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرزایسوسی ایشن نے حکومت سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بحران سے بچنے کے لئے متبادل آپشن پرغور کرے۔