Official Web

سام سنگ گلیکسی ایس 20 کی تصاویر لیک، قیمت 1 لاکھ 70 ہزار روپے

سیئول:  جنوبی کوریا کی مشہور موبائل کمپنی سام سنگ رواں سال شروع ہوتے ہی نت نئے موبائل متعارف کرانے میں مصروف ہو گئی ہے وہیں پر کچھ سسپنس رکھنے کے لیے موبائل کمپنی نے نئے موبائل گلیکسی ایس 20 کی تصاویر روک کر رکھی ہوئی ہے جو اب ’لیک‘ ہو گئی ہیں۔

ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق سام سنگ کے متوقع فون کی تصاویر کسی ایسے شخص نے بنائیں جو اپنی شناخت ظاہر کرنا نہیں چاہتا البتہ اُس نے تصاویر مارکیٹ میں تقسیم کردیں۔

تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلیکسی ایس 20 کی پشت پر چار کیمرے موجود ہیں، بتایا جارہا ہے کہ موبائل تیز ترین انٹرنیٹ فائیو جی ٹیکنالوجی کو بھی سپورٹ کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق سام سنگ کے متوقع نئے ماڈل سیٹس بھی دو ماڈلز یعنی ایس 20 اور ایس 20 پلس کی صورت میں ریلیز ہوں گے جن کی سکرین پہلے کے مقابلے میں زیادہ فلیٹ اور باڈی کافی پتلی ہے۔

 

فون کی پشت پر چار کیمروں کے ساتھ فلیش بھی موجود ہے جبکہ دائیں طرف والیم اور پاور کے بٹن دیے گئے ہیں۔ فون میں انفنٹی او ڈسپلے دیا گیا ہے جس پر کمپنی کی جانب سے سکرین کو محفوظ بنانے کے لیے پروٹیکٹر بھی لگایا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پاکستان میں سام سنگ کے نئے فون گلیکسی ایس 20 کی قیمت تقریباً 1 لاکھ 70 ہزار روپے ہوگی۔

یاد رہے کہ سام سنگ کی جانب سے نیا ماڈل باقاعدہ طور پر 11 فروری 2020 کو متعارف کرائے جانے کا اعلان کیا گیا ہے، اس سے قبل بھی سام سنگ کے دیگر فونز کی لانچنگ سے پہلے ہی تصاویر ، خصوصیات اور قیمتیں لیک ہوچکی ہیں۔

%d bloggers like this: