Official Web

سردی نے کڑاکے نکال دیئے، سکردو میں پارہ منفی 21 تک گر گیا

اسلام آباد:  ملک بھر میں سردی نے کڑاکے نکال دیئے، سکردو میں پارہ منفی 21، استور میں منفی 10، مری، کوئٹہ میں منفی 3، چکوال میں منفی 2 تک گر گیا۔

ملک کے بالائی علاقوں میں پڑی برف اور سرد ہواؤں نے موسم کا مزاج برہم کر رکھا ہے۔ بالائی علاقوں میں ہر طرف برف ہی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری رہے گا۔

پنجاب کے میدانی اور شہری علاقوں میں دھند کی چادر نے ہر منظر دھندلا رکھا ہے۔ قومی شاہراہ پر رینالہ خورد، اوکاڑہ، گیمبر، قادر آباد، یوسف والا، ساہیوال اور میرداد مافی میں دھند کا راج ہے۔

ہائی ویز اور موٹر ویز کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ قومی شاہراہ پر حد نگاہ 0 سے 30 میٹر تک ہوگئی۔ ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے روڈ یوزرز آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

ادھر شدید دھند کے باعث ریلوے کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ٹرینیں کئی کئی گھنٹے لیٹ ہیں، پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔ ملک میں سب سے زیادہ سردی سکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 21 ریکارڈ کیا گیا۔