Official Web

مسلح افواج اور بچہ بچہ وطن کی حفاظت کیلئے پُرعزم ہے: شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی عزائم پر نریندر مودی کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور بچہ بچہ وطن کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔

شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں سابقہ خارجہ سیکریٹریز کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مشاورتی اجلاس سے خطاب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو کے نفاذ کو 144 دن گزر چکے ہیں، بھارت نے ذرائع مواصلات بند کر کے دنیا کو کشمیر کے حقائق تک رسائی سے محروم رکھا ہوا ہے۔

’جنرل باجوہ کو بھارتی عزائم سے آگاہ کیا، انہوں نے کہا پاکستان تیار ہے‘

انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کی مسلم کش اور ہندوتوا سوچ نے پورے بھارت کو تقسیم کر دیا ہے، سیکولر بھارت کے حامی شہریت کے قانون اور این آر سی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جو آگ مودی حکومت نے لگائی وہ اب پورے ہندوستان میں پھیل چکی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان مقبوصہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو ہر پلیٹ فارم پر بے نقاب کر رہا ہے جب کہ بھارت داخلی انتشار سے توجہ ہٹانے کے لیے مسلسل ایل او سی کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

مودی سرکار کو خبردار کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج اور پاکستان کا بچہ بچہ وطن کی حفاظت کے لیے پُرعزم ہے۔