Official Web

2020 کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے مافیا کے لیے مشکل سال ہوگا،وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے 2020 ملک کی ترقی، خوشحالی اور عوام کو نوکریاں دینے کا سال ہے۔

جہلم کی تحصیل پنڈ دادن خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نہر آتی ہے تو سارا علاقہ بدل جاتا ہے، میانوالی میں نہر آئی اور پورا علاقہ بدل گیا، پنڈ دادن خان میں میٹھا پانی نہیں ہے، مجھےمعلوم ہےکہ یہاں کے لوگوں کو کس قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا جو منصوبہ 120 سال پہلے شروع ہونا تھا آج شروع ہوا، جلال پور کنال سے جہلم، پنڈدادن خان، خوشاب کے علاقوں کی تقدیر بدل جائے گی۔

مافیا کو ڈر ہے کہ اگر حکومت کامیاب ہو گئی تو یہ جیل میں جائیں گے

وزیراعظم کا کہنا تھا ہم نے ایک سال بہت مشکل میں گزارا، جتنا ٹیکس جمع کیا تھا اس کا آدھا حصہ ماضی کی حکومتوں کے قرضوں کے سود میں چلا گیا، ماضی کے 10 سال کے ظلم کی وجہ سے عوام کو منہگائی کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ آج زر مبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں، سرمایہ کاری ہو رہی ہے، 2020 کا سال ہمارا ترقی کا سال ہے، 2020 کا سال نوکریاں دینے کا سال ہے، 2020 میں ملک ترقی کرے گا اور یہاں خوشحالی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ جب وزیراعظم بنا تو پوری قوم سے کہا آپ نے گھبرانا نہیں ہے، اصلاحات مشکل ہوتی ہیں، تبدیلی آسان نہیں ہوتی۔

ان کا کہنا تھا ہر کوئی اصلاحات نہیں کر سکتا کیونکہ جب اصلاحات ہوتی ہیں تو مافیا راستے میں کھڑے ہو جاتے ہیں، سیاستدانوں کا مافیا ہر روز حکومت کو برا بھلا کہتا ہے، اس مافیا کو ڈر ہے کہ اگر حکومت کامیاب ہو گئی تو یہ جیل میں جائیں گے۔

کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، ملک کو اوپر لے جانا چاہتے ہیں

وزیراعظم نے کہا کہ 2019 مشکل وقت تھا، 2020 اس ملک کے آگے بڑھنے کا وقت ہے، 2020 میں آپ کو اور بہتر تبدیلی نظر آئے گی، مافیا جو کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھا رہا تھا 2020 کا سال ان کے لیے برا وقت ہو گا۔

عمران خان نے کہا کہ جب تک معاشرے میں کرپشن ختم نہیں ہوتی وہاں ترقی نہیں ہوتی، جس ملک میں کرپشن ہوتی ہے وہاں کے ادارے تباہ ہو جاتے ہیں، کرپشن ملک میں میرٹ کو تباہ کر دیتی ہے، ہماری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہے، ہم اپنے ملک کو اوپر لے جانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چین نے 450 وزراء کو کرپشن پر جیلوں میں ڈالا جب کہ امریکا میں 30 سال بعد بھی لوگوں کو کرپشن میں پکڑا جاتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کی حکمرانوں کی وجہ سے ملک مقروض ہوا، آپ نے میری ٹیم بننا ہے اور ان کرپٹ لوگوں کو شکست دینی ہے۔

مودی ہندوستان میں وہ کر رہا ہے جو جرمنی میں ہٹلر نے کیا تھا

پڑوسی ملک بھارت کے وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا جو بارڈر پر ہو رہا ہے، ایسے نہیں ہو رہا، مودی نے 80 لاکھ کشمیریوں کو جیل میں ڈال رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کو قتل کرایا، کشمیر کی ساری قیادت کو جیلوں میں بند کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مودی ہندوستان میں وہ کر رہا ہے جو جرمنی میں ہٹلر نے کیا تھا، اب بھارت کے لوگ نریندر مودی کے ظلم کے خلاف کھڑے ہوئے ہیں، جب بھارت کے لوگ مودی کے خلاف کھڑے ہوں گے تو ظلم کے نظام کو ختم کریں گے۔