Official Web

مردوں میں بانجھ پن کی ممکنہ وجہ بننے والا جین دریافت

امریکا: سائنس دانوں نے ایک جین دریافت کیا ہے جس کا ممکنہ طور پر تعلق مردوں کی بے اولادی سے ہوسکتا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ جین 50 فیصد مردوں میں بے اولادی کی وجہ ہوسکتا ہے جسے اس سے قبل ناقابلِ بیان سمجھا جاتا رہا تھا۔

امریکن جرنل آف ہیومن جنیٹکس میں شائع رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک جین ’ایس وائے سی پی ٹو‘ میں اگر کوئی بگاڑ پیدا ہوجائے تو مردانہ کروموسوم کی قدرتی ترتیب پر اثر پڑتا ہے اور یا تو غائب ہوجاتے ہیں، اپنی نقل بناتے ہیں یا پھر کہیں اور چلے جاتے ہیں۔ اس طرح ایس وائے سی پی ٹو جین کی سرگرمی سے منوی جراثیم بھی چھوٹے ہوتے جاتے ہیں۔

اس بات کی تصدیق کے لیے تحقیقی ٹیم نے خمیر (ییسٹ) پر تجربات کیے اور اس جین کا مطالعہ کیا۔ خمیر کے ماڈل سے معلوم ہوا کہ یہ جین بگڑ جائے تو مردوں کے مادہ حیات پر متاثر ہوتا ہے۔ اس کے بعد کئی ایسے مردوں کا مطالعہ کیا جو بظاہر مکمل صحت مند تھے لیکن اعزازِ والد سے محروم تھے۔ دیگر صاحبِ اولاد افراد کے مقابلے میں ان میں ایس وائے سی پی ٹو جین شدید متاثر تھا۔

اس تحقیقی ٹیم کی اہم رکن سمانتا شلیٹ کہتی ہیں کہ مرد بھی بانجھ ہوسکتے ہیں اور ان میں بگڑے ہوئے کروموسومز کا تناسب بہت زیادہ ہوتا ہے۔ اگرچہ اس سے قبل مردوں میں اس کی وجہ سامنے نہیں آسکی تھی لیکن اب اس تحقیق سے معلوم ہوا ہے بے اولادی کی وجہ اگر مردوں میں دیکھی جائے تو عالمی سطح پر اس کی شرح 30 سے 50 فیصد تک ہوسکتی ہے۔

پھر ماہرین نے یہ بھی بتایا کہ اسی بگڑے ہوئے جین سے بسا اوقات مائیں امید سے بھی ہوجاتی ہیں لیکن جلد یا بدیر ان میں اسقاطِ حمل ہوجاتا ہے۔