Official Web

سعودی مفادات کے خلاف کام نہیں کریں گے، پاکستان کی عرب قیادت کو یقین دہانی

اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ایسے کسی بھی اقدام کا حصہ نہیں بنے گا جس سے سعودی عرب کے مفادات کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔

ذرائع کے مطابق کوالالمپور میں پاکستان، ترکی، ایران، قطر اور انڈونیشیا کے لیڈروں کی کانفرنس ہونے والی ہے سعودی عرب اس بلاک کو او آئی سی کے متبادل اسلامی بلاک کے طور پر دیکھتا ہے اور اس کانفرنس میں اپنی اور اپنے عرب اتحادیوں کی غیر موجودگی سے پریشان ہے۔

یہ کانفرنس ملائشین وزیر اعظم مہاتیر محمد کی میزبانی میں منعقد ہورہی ہے اور وہ اس بات کا کھلے عام اظہار کرچکے ہیں کہ او آئی سی مسلم امہ کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے اس لیے یہ اتحاد او آئی سی کا متبادل ثابت ہوسکتا ہے جب کہ سعودی عرب سمجھتا ہے کہ اس طرح کا نیا اسلامی بلاک مسلم دنیا میں سعودی عرب کے کردار کو کم کرسکتا ہے، اسی تناظر میں پاکستان کی سول اور فوجی قیادت نے سعودی عرب کے متعدد دورے کیے ہیں۔
اس وقت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سعودی عرب کے دورے پر ہیں جب کہ وزیر اعظم عمرا ن خان کا مئی سے اب تک سعودی عرب کا یہ چوتھا دورہ ہے۔ اسی دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا یوا ے ای کا دور ہ بھی عرب لیڈرز کے ملائشیا میں ہونے والی کانفرنس سے متعلق شکوک شبہات کے تناظر میں ہے۔

دفتر خارجہ کے سینئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ’ایکسپریس ٹربیون‘ کو بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی قیادت کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان ایسے کسی نئے اسلامی بلاک کا حصہ نہیں بنے گا جو سعودی مفادات کے خلاف کام کرے گا، اس کے برعکس ہماری کوشش تمام مسلم ممالک کے مابین اتحاد کے لیے کام کرنا ہے۔

ایکسپریس ٹربیون کے مطابق سعودی عرب اور ترکی کے درمیان سعودی صحافی خاشقجی کی ہلاکت کے بعد سے کشیدگی چلی آرہی ہے پاکستان اسے کم کرنے کی بھی کوشش کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کوالالمپور کانفرنس کے حوالے سے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان کسی قسم کی غلط فہمی کی تردید کی ہےاور کہا ہے کہ پاکستان کی کوششوں سے قطر اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کم ہوئی ہے۔

دریں اثناء وزیراعظم عمران خان حمد بن عیسی الخلیفہ کی دعوت پر آج سلطنت بحرین کے قومی دن کے موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے جہاں وزیر اعظم عمران خان کو بحرین کے سب سے بڑے سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔