Official Web

افغان صوبے غزنی میں طالبان کا فوجی بیس پر حملہ، 23 اہلکار ہلاک

کابل: افغانستان کے صوبے غزنی میں طالبان کے حملے میں 23 افغان فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔

افغان میڈیا کے مطابق طالبان کی جانب سے افغانستان کے مرکزی صوبے غزنی کے ضلع قارا باغ میں حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 23 فوجی ہلاک ہوئے۔

دوسری جانب افغان وزارت دفاع کے ترجمان فواد امن کا کہنا ہے کہ طالبان کے حملے میں 9 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے۔

افغان وزارت دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حکام کی جانب سے حملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ادھر حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ غزنی فوجی بیس پر حملے میں 32 فوجی ہلاک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق ضلع قارا باغ میں حملہ فوج کے اندر طالبان کے حامی 7 رکنی گروہ نے کیا تھا۔

خیال رہے کہ غزنی کے ضلع قارا باغ میں فوجی بیس میں یہ دوسرا حملہ ہے، اس سے قبل رواں برس جولائی میں بھی  ضلع قارا باغ کے فوجی بیس کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں افغان آرمی فورسز کے کمانڈر کرنل عبد المبین محبتی ہلاک ہوئے تھے۔