Official Web

برطانوی انتخابات میں 15 پاکستانیوں سمیت 24 مسلم امیدواروں کی تاریخی فتح

لندن: برطانیہ میں قبل از وقت ہونے والے عام انتخابات میں وزیراعظم بورس جانسن کی جماعت کنزرویٹو پارٹی نے فتح حاصل کرلی ہے جب کہ پہلی بار 24 مسلمان امیدواروں کی کامیابی کے بھی روشن امکانات ہیں جن میں سے 15 پاکستانی نژاد برطانوی شہری ہیں۔

برطانیہ میں آج ہونے والے عام انتخابات کی ایک خاص اس بار انتخابی دنگل میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد یعنی 70 مسلمان امیدواروں کا حصہ لینا تھا،ان مسلم امیدواروں میں سے زیادہ تر کا تعلق پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش اور ترکی سے ہے۔ قوی امید ہے کہ 70 میں 24 مسلم امیدوار میدان مار کر برطانیہ کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں پارلیمنٹ کا حصہ بنیں گے۔

ان انتخابات میں اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کی جانب سے ریکارڈ 33 پاکستانی نژاد برطانوی امیدواروں کو ٹکٹیں دی گئیں جب کہ حکمراں جماعت نے ماضی کی روایت توڑتے ہوئے پہلی بار 2 پاکستانیوں حنا بخاری اور حمیرہ ملک کو ٹکٹ دیا تھا۔

اب تک حاصل ہونے والے نتائج کے تحت پاکستان سے تعلق رکھنے والے 15 امیدواروں نے میدان مارلیا ہے، جن میں لیبر پارٹی کی ناز شاہ، خالد محمود، یاسمین قریشی، افضل خان، طاہر علی، محمد یاسین، عمران حسین، زارا سلطانہ اور شبانہ محمود جب کہ کنزرویٹو کے نصرت غنی، عمران احمد، ساجد جاوید، رحمان چشتی اور ثاقب بھٹی شامل ہیں۔ اسی طرح دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے 9 مسلم امیدواروں نے بھی فتح اپنے نام کرلی ہے۔