Official Web

پلی بارگین سے پاکستان میں بہت سے پیسے آنے والے ہیں، شیخ رشید

لاہور: وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کی ضمانت اچھی بات ہے جب کہ پلی بارگین سے پاکستان میں بہت سے پیسے آنے والے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی ضمانت اچھی بات ہے، پلی بارگین سے پاکستان میں بہت سے پیسے آنے والے ہیں، اپوزیشن نے 2013 اور 2018 کے الیکشن نہیں مانے جب کہ جو الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں انہیں شرم آنی چاہیے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پی آئی سی پر کل کیا جانے والا حملہ افسوسناک ہے، ہمیں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے جب کہ وکلاء حملے کے بعد ڈپریشن کا شکار ہوں، میڈیا میں غیرذمہ دارانہ زبان استعمال کی جا رہی ہے تاہم ٹینشن کم ہونی چاہیے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر اب ہمیں عملی کام کرنا ہے، ہندوستان میں مسلمان دسویں درجے کے بھی شہری نہیں تاہم بھارت میں مسلمان باہر نکلے تو پاکستان خاموش نہیں رہے گا۔