Official Web

روہانسے شرجیل خان نے سر جھکا کر ٹیم سے معافی مانگ لی

کراچی: روہانسے شرجیل خان نے سر جھکا کر پاکستانی کرکٹرز کو فکسنگ سے دور رہنے کی تلقین کر دی، انھوں نے اپنی وجہ سے بدنامی پر ٹیم سے معافی بھی مانگ لی۔

پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث شرجیل خان پر 2017میں پی سی بی نے 5 سالہ پابندی عائد کر دی تھی، ان میں سے آدھی سزا معطل ہے، ری ہیبلی ٹیشن اور ایجوکیشن پروگرامز میں شرکت سے یہ پابندی ختم ہو جائے گی،اوپنر اس حوالے سے کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں، پی ایس ایل ڈرافٹ میں شامل کرنے سے واضح ہو گیا کہ پی سی بی ان کی باقی سزا معاف کرنے کو تیار ہے، انھیں کراچی کنگز نے اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے،گذشتہ روز شرجیل خان کی پاکستانی کرکٹ ٹیم سے ملاقات کرائی گئی۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر بھرائی ہوئی آواز میں سر جھکائے شرجیل خان نے ملک کی بدنامی کا باعث بننے پر کھلاڑیوں سے معافی مانگی، انھوں نے کہا کہ ’’ میں شرجیل خان ہوں، میں اپنی غلطی کے سبب سبز وردی کی بدنامی کا باعث بنا،اسی لیے ڈھائی سال کرکٹ سے دوری کے ساتھ مجھے اور گھروالوں کو شدید شرمندگی کا سامنا بھی کرنا پڑا، میں اس موقع پر آپ سب سے معافی کا طلبگار ہوں،مجھ سے سبق سیکھیں اور فکسنگ وغیرہ سے دور رہیں، شرجیل اس موقع پر تقریباً رونے ہی والے تھے۔ مختصر خطاب ختم کر کے جب وہ باہر گئے تو پلیئرز نے ان سے ملاقات کی اور حوصلہ بڑھایا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل شرجیل نے انڈر19 کرکٹرز کو تین مختلف شہروں میں لیکچرز دیے اوروہ سوشل ورک کیلیے یتیم خانے و دیگرمقامات کا دورہ بھی کر چکے، انھیں جلد ڈومیسٹک کرکٹ میں دوبارہ شرکت کی اجازت ملنے کا امکان ہے۔ انھوں نے آخری بار پاکستان کی نمائندگی 26 جنوری2017کو آسٹریلیا کیخلاف ایڈیلیڈ میں ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں کی تھی۔