Official Web

ایم آر آئی ٹیسٹ میں آصف زرداری کا دماغ چھوٹا ہونے کا انکشاف

اسلام آباد: پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے میگنیٹک ریزوننس امیجنگ (ایم آر آئی) ٹیسٹ کی ابتدائی رپورٹ میں ان کے دماغ کا سائز  چھوٹا نظر آیا ہے۔

ترجمان پمز ڈاکٹر وسیم خواجہ کا کہنا ہے کہ دماغ کے چھوٹے ہونے کی وجہ عمر ہے یا کوئی بیماری اس بات کا اندازہ ایم آرآئی کی مکمل رپورٹ سامنے آنے کےبعد ہی پتہ چلے گا۔

دوسری جانب پمزاسپتال میں والد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ امید ہے 11 دسمبر کو آصف زرداری اور فریال تالپور کی طبی بنیاد پر ضمانت کی درخواست پر انصاف ملے گا اور اپنی مرضی کے ڈاکٹر سے علاج کراسکیں گے۔

بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو وہ سہولتیں ملنی چاہئیں جو ہر شہری کا حق ہے۔ ہم نے آصف زرداری کے میڈیکل بورڈ کے لیے دل کے ماہر ڈاکٹر ندیم قمر کا انتخاب کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کا معائنہ کیا ہے لیکن ابھی رپورٹ نہیں دی، وہ رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی، عدالت کے فیصلے کے مطابق ان کو کراچی کے اسپتال میں منتقل کیا جائے گا۔

‘نواز شریف اور آصف زرداری کا کیس الگ ہے’

ایک سوال کے جواب میں بلاول کا کہناتھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کا کیس الگ ہے، نواز شریف سزا کاٹ رہے تھے لیکن آصف زرداری کو سزا نہیں ہوئی۔

گزشتہ دنوں اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست پر سماعت کے دوران پمز اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈٹ (ایم ایس) کو نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے  آصف زرداری کے ذاتی معالج کو میڈیکل بورڈ میں شامل کرنے کا حکم دیا تھا۔

گذشتہ روز  نئے میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹرز نے سابق صدر آصف زرداری کا معائنہ کیا، ان کے دماغ کا ایم آر آئی بھی کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو کی حراست میں ہیں اور وہ اڈیالہ جیل میں قید تھے کہ ان کی طبیعت بگڑ گئی جس کے بعد انہیں 23 اکتوبر کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا اور وہ اب بھی اسپتال میں ہی ہیں۔