Official Web

دیگر لوگوں کو بھی میری طرح پاکستان میں پیسہ لانا چاہیے، ملک ریاض

پشاور: بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض نے کہا ہے کہ چاہے ہمیں اپنے گھر بھی بیچنے پڑیں لیکن سپریم کورٹ آف پاکستان کیساتھ جو معاہدہ ہوا اسے پورا کریں گے۔

پشاور میں بحریہ ٹاؤن دفتر کے افتتاح کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک ریاض کا کہنا تھا کہ میرے بچے اوورسیز پاکستانی ہیں۔ برطانوی عدالتوں نے واضح کہا ہے کہ ہم نے کوئی جرم نہیں کیا۔ ہم مسائل کے باوجود پاکستان میں کام کر رہے ہیں۔ ہم نے سپریم کورٹ میں پیسے جمع کرانے ہیں۔سپریم کورٹ سے ہونیوالے معاہدے پر عمل ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جہاں بحریہ ٹاؤن جاتا ہے، وہ شہر بدل جاتا ہے۔ آج پشاور میں پراجیکٹ کا افتتاح کیا ہے۔ پشاور کے عوام کا معیار زندگی بھی بہتر کریں گے۔ دنیا کی ہر چیز یہاں بنائی جائے گی۔ کوشش کریں گے کہ بہتر سے بہتر کام کر سکیں۔

بحریہ ٹائون کے سیل آفس کا افتتاح پشاور کے جی ٹی روڈ پر واقع ترناب فارم کے علاقے غفران آباد میں کیا گیا۔ اس موقع پر ملک بھر سے بزنس کمیونٹی اور بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب میں بحریہ ٹاؤن کے کنٹری ہیڈ شاہد محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جلد پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے، سب سے بڑھ کر کام کریں گے۔ لاہور اور اسلام آباد میں سیکھا اور کراچی میں اپلائی کیا، اب پشاور میں کراچی کے تجربات کا فائدہ اٹھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کم وقت میں ڈیویلپمنٹ کریں گے اور پوری ٹیم کے ساتھ یہاں کام کریںگے۔