Official Web

فٹبال پریمیئر لیگ، لیور پول نے ایورٹن، لیسٹر سٹی نے وٹفورڈ کو شکست دے دی

لندن: فٹبال پریمیئر لیگ میں لیور پول نے ایورٹن کو پانچ دو سے ہرا کر ٹاپ پوزیشن مستحکم کر لی جبکہ لیسٹر سٹی نے وٹفورڈ کر شکست دے کر مانچسٹرسٹی سے دوسرا نمبر چھین لیا۔

انیفیلڈ میں فٹبال پریمیئر لیگ کی سرفہرست لیورپول کا ایورٹن سے مقابلہ یکطرفہ ثابت ہوا، لیگ کی نمبر ون ٹیم نے ایورٹن کے خلاف چھٹے منٹ ہی گول کر کے برتری کی دھاک بٹھائی۔ سترہویں منٹ لیورپول کا اسکور ڈبل ہو گیا، مدمقابل ٹیم کے گول کے بعد ریڈ برگیڈ نے مزید دو گول داغ دیئے، دوسرے ہاف میں بھی نمبر ون ٹیم نے اسی جوش اور جنون کو جاری رکھا اور پانچ دو سے فتح سمیٹی اور اپنی ٹاپ پوزیشن زیادہ مستحکم کر لی۔

دوسرے میچ میں لیسٹر سٹی نے وٹفورڈ کو دو صفر کی مات دی، دونوں ٹیموں کی طرف سے جارحانہ انداز کے باوجود پہلے ہاف میں کوئی گول نہ ہو سکا۔
دوسرے ہاف میں وارڈی اور پھر میڈیسن نے انجری ٹائم میں گیند کو جال میں ڈال کر دو صفر کی کامیابی اپنے نام کی۔ لیسٹر سٹی کو بڑی جیت کا بڑا انعام مل گیا، انہوں نے مانچسٹر سٹی کی نمبر دو پوزیشن اپنے قبضے میں کر لی۔