Official Web

صدر ٹرمپ نیٹو سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے لندن پہنچ گئے

لندن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نیٹو سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے لندن پہنچ گئے، خاتون اول میلانیا ٹرمپ بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ امریکی صدر کے دورہ لندن کے دوران ان کی پالیسیوں کے خلاف عوامی احتجاج متوقع ہے۔

شمال مغربی ممالک کے فوجی اتحاد نیٹو کا سربراہ اجلاس آج سے لندن میں شروع ہو رہا ہے جس میں شرکت کے لیے رکن ممالک کے سربراہان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اہلیہ کے ہمراہ لندن پہنچ چکے ہیں، ملکہ برطانیہ الزبتھ آج بیکنگم پیلس میں مہمانوں کی میزبانی کریں گی۔ مستقبل میں مغربی اتحادیوں میں فوجی تعاون کو بڑھانا اجلاس کا ٹاپ ایجنڈا ہے۔

صدر ٹرمپ کی لندن میں فرانسیسی ہم منصب ایمونئل میکرون، جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور نیٹو سیکرٹری جنرل جینز سٹولٹنبرگ سے دیگر رہنماوں سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ کے دورہ لندن کے دوران عوامی مظاہروں کا خدشہ ہے، ان کے گزشتہ دورے کے دوران بھی برطانوی شہریوں نے ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کیا گیا تھا اور ان کی شکل کا ایک غبارہ بھی شہر کی فضاوں میں بلند کیا گیا تھا جس میں ٹرمپ کو اورنج رنگ کے ایک غصیلے بچے کی صورت دکھایا گیا تھا۔