Official Web

سٹاک مارکیٹ: 836.57 پوائنٹس کی تیزی، حصص مالیت میں 110 ارب روپے کا اضافہ

لاہور: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز زبردست تیزی رہی، 836.57 پوائنٹس کی تیزی کے بعد انڈیکس 10 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ حصص کی مالیت 110 ارب روپے سے زائد بڑھ گئی، کاروباری حجم 30 ماہ کی بلند ترین سطح کو چھو گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل جاری ہے، رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز حصص مارکیٹ میں 836 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، تیزی کے باعث مزید 9 حدیں بحال ہو گئیں، بحال ہونے والی حدوں میں 39300، 39400، 39500، 39600، 39700، 39800، 39900، 40000، 40100 کی حدیں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز بھی زبردست تیزی دیکھی گئی تھی، تیزی کے باعث انڈیکس 581.38 پوائنٹس کے بعد 39287.65 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا، حصص کی مالیت میں 109 ارب سے زائد کا فائدہ ہوا تھا۔

اسی کا تسلسل آج بھی دیکھنے کو ملا، پاکستان سٹاک مارکیٹ کا آغاز ہی مثبت انداز میں ہوا، ایک موقع پر انڈیکس 40144.12 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ تسلسل نہ رہ سکا۔

کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 836 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 40124.22 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کاروبار میں 2.08 فیصد بہتری دیکھی گئی۔ حصص کی مالیت میں 110 ارب روپے سے زائد بڑھ گئی، کاروباری حجم 30 ماہ کی بلند ترین سطح کو چھو گیا۔ کاروباری حجم 29 فیصد اضافے سے 557 ملین شیئرز ریکارڈ کیا گیا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی سب سے بڑی وجہ سٹاک مارکیٹ کا چینی کمپنی کے ساتھ معاہدہ بتایا جا رہا ہے، سیاسی حالات میں غیر یقینی کے خاتمے اور موڈیز سمیت بین الاقوامی اداروں کی طرف سے حصص مارکیٹ کے حوالے سے بہترین خبروں کے باعث انویسٹرز زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔ امکان یہی ہے کہ رواں ہفتے یہ تسلسل برقرار رہے گا۔