Official Web

پارلیمنٹ میں سادہ اکثریت سے آرمی چیف کی توسیع ہوجائے گی، شیخ رشید

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے 6مہینے کا مطلب تین سال ہی سمجھیں اور پارلیمنٹ میں سادہ اکثریت سے توسیع ہوجائے گی۔

لاہور میں وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جو ہیجان برپا کیاگیا وہ دم توڑ گیاہے، آرمی چیف کی مدت ملازمت سے متعلق 6 ماہ کا مطلب تین سال سمجھیں، پارلیمنٹ میں سادہ اکثریت سے جنرل قمر جاوید باجوہ کی توسیع ہوجائے گی، تمام سیاسی پارٹیاں انہیں توسیع دینے پر متفق ہیں، آرمی چیف عمران خان اور حکومت کے شانہ بشانہ ہیں، جنرل قمر جاوید باجوہ کو نئے3سال مل گئے اور حکومت 5 سال پورے کرے گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ آرمی چیف کے معاملے پر آئین میں ترمیم کی ضرورت نہیں بلکہ سادہ اکثریت سے کام ہو سکتا ہے، ترمیم بھی ہوئی تو بل واضح اکثریت سے پاس ہو گا، آرمی چیف نے کرتارپورراہداری کا ایسا زخم لگایا جو بھارت یاد رکھے گا، عظیم جرنیل نے عالمی سازش کو ناکام بنا دیا، عمران خان پانچ سال پورے کریں گے،اپوزیشن میڈیا میڈیا کھیلتی رہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ فروغ نسیم کی غلطی کا غلط تاثر دیا جارہاہے، ہم سے غلطیاں ہوئیں لیکن ہماری نیت صاف تھی، پنجاب میں لوگوں نے اداروں کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار نہیں کیا، صوبے میں امن و امان اور مہنگائی کا مسئلہ ہے، چھ ماہ قبل بات کی تھی نوازشریف کو جانے دو سب اچھا ہو جائے گا، دلچسپ واقعہ ہے،بیمار نوازشریف ہیں اور چھٹیاں شہبازشریف گزار رہےہیں، شہباز شریف لندن ہیٹ پہن کرگئے ہیں، اسکے ثمرات جلد سامنے آئیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی پلی بارگین کا معاملہ مارچ تک حل ہو جائے گا، عمران خان این آر او نہیں کریں گے، مولانا فضل الرحمان جلد کہیں گے کہ میں بہت ہی خالی ہاتھ اسلام آباد سے واپس آیا ہوں، طلبہ یونین پر پابندی کی وجہ سے لولے لنگڑے لوگ سیاست میں رہ گئے ہیں۔