Official Web

اداروں کے درمیان تصادم سے عدم استحکام لانے والے ہار گئے، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد:  وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ اداروں کے درمیان تصادم سے عدم استحکام لانے والے ہار گئے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ مافیا نے ملک سے لوٹی ہوئی رقم واپس بھجوائی۔ مافیا لوٹی دولت بچانے کیلئے عدم استحکام لانا چاہتا ہے لیکن بیرونی دشمنوں اور اندرونی مافیا کیلئے آج مایوسی کا دن ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے قانونی ٹیم نے ملاقات کی اور عدالتی کارروائی سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں اٹارنی جنرل انور منصور بھی شامل تھے۔

وزیراعظم عمران خان کو عدالتی کاروائی سے متعلق بریفنگ دی گئی اور عدالتی احکامات کی روشنی میں مسودے کا جائزہ بھی لیا گیا۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں 6 ماہ کی توسیع کرتے ہوئے حکومت کو 6 ماہ میں قانون سازی کا حکم دیا ہے۔ عدالت عالیہ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ یہ معاملہ پارلیمنٹ اور حکومت پر چھوڑتے ہیں، آرمی چیف کو 28 نومبر سے توسیع دے رہے ہیں۔ تقرری 6 ماہ کے لیے ہوگی، قوانین بننے کے بعد مزید دیکھا جائے گا۔