Official Web

4 سالہ جنت کے ساتھ زیادتی کے بعد موت پرارمینا خان اداروں پربرس پڑیں

کراچی: اداکارہ ارمینا خان 4 سالہ ننھی جنت کے ساتھ زیادتی اور اذیت ناک موت پر اداروں پر برس پڑیں۔

چند روز قبل مانسہرہ میں 4 سالہ ننھی جنت کو کنویں میں پھینکنے کے واقعے نے سب کو ہلا کررکھ دیا تھا۔ ننھی جنت کنویں میں 4 دن تک زندگی وموت کی کشمکش میں پھنسی رہی تھی بعد ازاں اس نے دم توڑ دیا تھا۔

اداکارہ ارمینا خان نے ننھی جنت کے ساتھ ہوئے بہیمانہ سلوک پرآواز اٹھاتے ہوئے انسٹاگرام پراس واقعے پرافسوس کا اظہارکیا ہے اور ساتھ ہی مسلسل ایسے واقعات  وقوع پزیرہونے پر اداروں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ارمینا نے جنت کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ملیے 4 سالہ ننھی جنت سے، جسے نجانے کتنے آدمیوں نے اسے اپنی ہوس کا نشانہ بنایا اور پھرسے 80 فٹ گہرے کنویں میں پھینک دیا گیا۔ جہاں جنت 4 روز تک بھوکی پیاسی زندہ رہی۔

جیسے ہی جنت کا پتہ چلا اسے فوراً اسپتال لے جایا گیا لیکن زخموں سے چورننھی جنت اسپتال میں سہولیات نہ ہونے اوراسپتال کے عملے کی بے توجہی کے باعث دم توڑگئی۔ میرا سوال یہ ہے کہ کتنی زینب، جنت اورنمرتا ہمارے ضمیر کے جاگنے سے پہلے اسی طرح دم توڑتی رہیں گی۔

اداکارہ ارمینا نے کہا یہ آپ کی بچی بھی ہوسکتی تھی۔ نجانے کتنی بارمیرا دل ٹوٹے گا میں ایک بار پھر پوچھتی ہوں کہاں گئی ہماری شرم؟ ہماری غیرت؟ ارمینا نے اداروں اور انتظامیہ سے سوال پوچھتے ہوئے کہا مہربانی کرکے کچھ کریں اسپتالوں کو فنڈ فراہم کریں ان مجرموں کے خلاف موثر قانون بنائیں۔ ہمیں آوازاٹھانی ہوگی اوربچوں کے خلاف تشدد کو بند کرنا ہوگا۔ ہمیں اس ننھی بچی کے لیے انصاف چاہیئے اس کا کیا قصور تھا ہر بار جب بھی میں یہ تصویر دیکھوں گی میری روح کو تکلیف پہنچے گی۔ میری ننھی جنت تم جنت میں آرام کرو۔ اس پوسٹ کے ساتھ ارمینا خان نے جسٹس فارجنت (جنت کے لیے انصاف) کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔