Official Web

مواخذے کی کارروائی: کانگریس نے ٹرمپ کو طلب کر لیا

امریکی ایوان نمائندگان (کانگریس) نے مواخذے کی کارروائی کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 4 دسمبر کو طلب کر لیا۔

ڈیموکریٹک پارٹی کی ہاؤس جوڈیشری کمیٹی کے چیئرمین جیروڈ نیڈلر کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ یا تو کانگریس کے روبرو پیش ہوں یا پھر مواخذے کی کارروائی کے عمل سے متعلق شکایات بند کر دیں۔

اگر ڈونلڈ ٹرمپ کانگریس کمیٹی کے سامنے پیش ہو گئے تو پھر صدر ڈونلڈ ٹرمپ گواہوں سے سوالات بھی کر سکیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے کانگریس کمیٹی کے روبرو پیش ہونے کی صورت میں ان کے خلاف مواخذے کی کارروائی کا عمل دوسرے مرحلے میں پہنچ جائے گا

جیروڈ نیڈلر نے امریکی صدر کو مزید لکھا مجھے امید ہے کہ امریکی صدر انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا آپشن استعمال کریں گے، چاہے وہ براہ راست پیش ہوں یا پھر اپنے قانونی مشیر کے ذریعے پیش ہوں جیسا کہ گزشتہ صدور کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ سماعت تاریخی اور آئینی بنیاد پر مواخذے کے لیے ایک بہترین موقع ہے۔

امریکی صدر کو لکھے گئے خط میں جیروڈ نیڈلر نے یہ بھی لکھا کہ ہم آپ کے ان مبینہ عمل پر بھی بحث کریں گے جس میں آپ نے کانگریس کو مواخذے کی کارروائی کے اختیار سے متعلق سوال اٹھایا ہے۔

جیروڈ نیڈلر نے امریکی صدر کو یکم دسمبر تک مہلت دی ہے کہ بتایا جائے آپ مواخذے کی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے پیش ہوں گے یا نہیں، اگر آپ پیش نہیں ہوں گے تو پھر آپ کی جگہ کون پیش ہو گا۔