Official Web

مالی میں 2 ہیلی کاپٹر ٹکرانے سے 13 فرانسیسی فوجی ہلاک ہوگئے

افریقی ملک مالی میں فرانسیسی فوج کے 2 ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا نےکے نتیجے میں 13 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ مالی کے پڑوسی ممالک برکینا فاسو اور نائجر کی سرحد کے قریب پیش آیا جہاں دونوں ہیلی کاپٹر عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کے بعد فرانسیسی فوجیوں کو لے کر واپس جارہے تھے۔

فرانسیی فوجی حکام کے مطابق واقعے میں دونوں ہیلی کاپٹر میں سوار 13 افراد ہلاک ہوئے جن میں ایک افسر سمیت 6 کمانڈوز بھی شامل تھے۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ جانی نقصان کے لحاظ سے 1980 کے بعد سے فرانسیسی فوج کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے واقعے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے جب کہ واقعے پر فرانس کی اسمبلی میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

واقعے پر فرانس کی اسمبلی میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی،فوٹو:اے ایف پی
واضح رہے کہ 2012 میں مغربی افریقی ملک کے مالی کے شمالی علاقوں میں شدت پسند گروہوں کی جانب سےشورش کا سلسلہ شروع ہوا تھا لیکن فرانس کی مدد سے مالی کی افواج نے شمالی علاقوں کا کنٹرول مکمل طور پر سنبھال لیا ہے۔

البتہ دہشت گردوں کی جانب سے عسکری کارروائیاں اکثر و بیشتر سامنے آتی رہتی ہیں جب کہ مالی کی افواج کی معاونت کے لیے سیکڑوں فرانسیسی فوجی وہاں موجود ہیں۔