Official Web

برطانوی وزیرا عظم نے کنزرویٹو پارٹی کا 12 نکاتی انتخابی منشور جاری کر دیا

لندن:  برطانوی وزیرا عظم بورس جانسن نے کنزرویٹو پارٹی کا 12 نکاتی انتخابی منشور جاری کردیا جس میں بریگزٹ کی تکمیل کا وعدہ کیا گیا ہے۔ لیبر پارٹی کے لیڈٖر جریمی کوربن نے اسے ارب پتیوں کا منشور قرار دے دیا ۔

حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی نے 59 صفحات پر مشتمل منشور انتخابات سے 18روز قبل پیش کر دیا جس میں وزیر اعظم بورس جانسن نے یورپی یونین سے علیحدگی کے معاہدے کی تکمیل کا وعدہ کیا ہے۔ منشور میں اے ٹی کی شرح، انکم ٹیکس اور نیشنل انشورنش کی فیس نہ بڑھانا اور چائلڈ کیئر میں توسیع دے کر اسے اضافی 250 ملین پونڈز سالانہ فراہم کرنا بھی شامل ہے۔

بورس جانسن نے ہسپتالوں میں پچاس ہزار نرسز کی تعیناتی کا وعدہ کیا ہے جبکہ منتخب مریضوں اور ہسپتال سٹاف کیلئے پارکنگ چارجز بھی ختم کر دیئے جائیں گے۔

لیبر پارٹی نے اسے ناامیدی کا منشور کہا ہے، اپوزیشن رہنما جیرمی کوربن نے اسے ارب پتیوں کا منشور قرار دے دیا لیبر پارٹی کے پیش کردہ منشور میں امیروں اور کاروباری طبقے پر ٹیکس بڑھانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔اپوزیشن جماعت نے پنشن سے محروم 30 لاکھ سے زائد خواتین کو امداد دینے کا بھی وعدہ کیا ہے ۔