Official Web

بھولی صورت والا ’’بدتمیز روبوٹ‘‘ جو آپ کی بے عزتی کردے گا

واشنگٹن: اگر آپ کھیل کےمیدان میں ہیں، مقابلہ کررہے ہیں یا پھر گیمنگ میں مصروف ہیں تو مخالف کے طنزیہ جملے آپ کو جوش دلاتے ہیں۔ عین اسی طرح بے عزتی کرنے اور جوش دلانے والا ایک روبوٹ بنایا گیا ہے۔

یہ تجرباتی روبوٹ کارنیگی میلون یونیورسٹی میں بنایا گیا ہے جس کا مقصد یہ دیکھنا ہے کہ انسان کھیل کے دوران دوسرے انسان کی باتوں کا اثر تو لیتا ہی ہے لیکن کیا وہ کسی روبوٹ کے جملے پر بھی ایسا ہی ردِ عمل کرسکتا ہے یا نہیں یا صرف ایک انسان ہی دوسرے انسان کی تنقید کا اثر لیتا ہے۔

اس کےلیے انجینیئروں نے فضول باتیں کرنے والا ایک روبوٹ پیپر بنایا ہے جو انسانوں کو ٹھیک ٹھاک سناتا ہے۔ اگرچہ یہ روبوٹ پہلے ہی عجائب گھروں اور ہوائی اڈوں پر عوامی رہنمائی کے لیے استعمال ہورہے ہیں۔ لیکن اب یہ ویڈیو گیم کھیلتے ہوئے گیمر کو ’بے کار کھلاڑی‘ کہہ کر اسے اشتعال دلاتا ہے۔ یا پھر بار بار کہتا ہے کہ آپ گیم کھیلتے ہوئے کنفیوژ کیوں ہورہے ہیں۔ یہ اسی طرح کی باتیں کرتا رہتا ہے اور غصہ دلانے کی کوشش کرتا ہے۔

اس کے بعد 40 افراد کے سامنے اس روبوٹ کو رکھا گیا۔ تمام گیمر کو معلوم تھا کہ یہ روبوٹ کھلاڑیوں کا مذاق اڑائے گا اور ان کی حوصلہ شکنی کی کوشش کرے گا۔ لیکن روبوٹ کے تمام طعنے تشنوں کے باوجود 35 مرتبہ گیم کھیلنے پر بھی انہوں نے روبوٹ کے مقابلے میں اپنی کارکردگی بہتر نہیں کی۔

لیکن اس مطالعے سے ایک بات یہ معلوم ہوئی ہے کہ روبوٹ اپنی مثبت باتوں سے انسان پر اثرانداز ضرور ہوسکتے ہیں۔ اسی بنا پر بوڑھے اور تنہا رہنے والے افراد کے لیے حوصلہ افزا روبوٹ بہت اہم کردار ادا کرسکتےہیں۔ دوسری جانب روبوٹ انسانی دماغی صحت کی بہتری کےلیے بھی اپنا منفرد کردار ادا کرسکتے ہیں۔